موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے ، صوبائی وزیر قانون
باغی ٹی وی : صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس پر بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد مرکزی ملزم عابد کو بھی گرفتار کر لیں گے۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کا ایک اہم ملزم شفقت گرفتار ہو چکا ہے۔ اس نے اعتراف جرم کر لیا ہے جس سے ہمیں واضح لیڈ ملی ہے۔
راجہ بشارت نے کہا کہ لاہور پولیس نے محنت سے کام کیا، اس کی وجہ سے ہی ملزم شفقت گرفتار ہوا۔ اب ہمارے لیے مشکل ٹاسک نہیں رہا۔ بہت جلد مرکزی ملزم عابد تک بھی پہنچ جائیں گے۔وزیر قانون پنجاب کا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے اس کیس کا جلد چالان مکمل کرنا ہے۔ قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ قانون موجود ہے، صرف عملدرآمد کرانے کی بات ہے۔ مزید کسی قانون سازی کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرملزموں کو سزا نہ دلوا سکے یا تاخیر ہوئی تو ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ گھناؤنا جرم کرنے والوں کو عبرت ناک سزا دلوائیں گے.
واضح رہےکہ اس سے قبل دیپالپور سے گرفتار ملزم شفقت نےاعتراف جرم کرلیا،33سالہ شفقت کا تعلق تحصیل ہارون آباد، ضلع بہاولنگر سے ہے، پولیس کے مطابق شفقت کی سم اس کےوالد استعمال کر رہے تھے
شفقت علی نے پولیس کو بیان دیا کہ ڈکیتی کے بعد ہم نے خاتون کو زیادتی کی تھی، ملزم شفقت نے موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ڈکیتی اور پھر بچوں کے سامنے قبیح فعل کا اعتراف کر لیاہے اور تصدیق کر دی ہے کہ اس کے ساتھ دوسرا مرکزی ملزم عابد ملہی ہی ہے ۔
پولیس کے مطابق شفقت عابد کے ساتھ وارداتوں میں ملوث رہاہے، پولیس کا شبہ تھا کہ شفقت اس واردات میں بھی ملوث ہے، پولیس نے شفقت کو دیپالپور کے علاقے سے گرفتار کیا تھا،آج اس نے اعتراف جرم کر لیا ہے.دوران تفتیش ملزم وقار الحسن نے شفقت کے بارے میں معلومات دی تھیں۔ ملزم وقار الحسن نے خود کو سی آئی اے پولیس کے حوالے کیا تھا۔
قبل ازیں ملزم وقار کے برادر نسبتی عباس نے گرفتاری دے دی،عباس نے شیخوپورہ میں خود کو پولیس کے حوالے کیا، عباس ملزم وقار کے نام پر سم استعمال کررہا تھا،تحقیقات کے دوران جیو فینسنگ میں عباس کا نام سامنے آیا تھا۔ اس سے قبل وقار الحسن نے سی آئی اے تھانہ ماڈل ٹاﺅن میں پیش ہو کر گرفتاری دی تھی جس دوران اس نے بھی عباس کا نام لیا تھا جس کے بعد پولیس نے اس کی بھی تلاش شروع کر دی تھی تاہم اب وہ خود پولیس کے پاس پیش ہو گیا ہے.