مکانات اور رہائشی اپارٹمنٹس میں ترقی یافتہ ملکوں کے لوگوں کی اولین تر جیح کیا
سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی سے مختلف اضلاع کے بلڈرز، ڈویلپرز اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کی ملاقات، ترقی یافتہ ملکوں میں لوگوں کی اولین ترجیح مکانات کی بجائے رہائشی اپارٹمنٹس ہیں ، رفاقت علی گیلانی
لاہور ۔ 2 اگست (اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی سے مختلف اضلاع کے بلڈر ز، ڈویلپرز اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد نے ملاقات کی ،جس میں بلڈر ز، ڈویلپرز اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افرادنے کہا کہ حکومت کا کثیر المنزلہ رہائشی عمارتوں کی تعمیر کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس اقدام کے نتیجے میں قیمتی زرعی اراضی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ شہریوں کو موزوں قیمت پر رہائشی سہولیات بھی میسر آسکیں گی، اس موقع پر سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں میں لوگوں کی اولین ترجیح مکانات کی بجائے رہائشی اپارٹمنٹس ہیں جہاں زندگی کی بنیادی سہولتیں معیاری طریقے سے فراہم کی جاتی ہیں ،پاکستان میں شہریوں کی قوت خریدکم ہے‘ کثیرالمنزلہ فلیٹس کی تعمیر عام آدمی کو اپنی چھت مہیا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے،ان عمارتوں کی تعمیر سے تعمیراتی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہوگا اور روزگار کے مواقع پیداہوں گے،شہرکے مصروف اور کاروباری علاقوں میں مزید مکانات تعمیر کرنے کی گنجائش نہیں ‘پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم نہ ہونے کے باعث دوردراز علاقوں سے شہریوں کاروزگار کے سلسلے میں یہاں پہنچنا بھی مشکل ہے،ان علاقوں کے قریب کثیر المنزلہ رہائشی عمارتوں کی تعمیر سے شہریوں کے وقت‘توانائی اور پیسے کی بچت ہوگی، بلند وبالا رہائشی عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینے کے نتیجے میں شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا بالخصوص چند سال بعد لاہور کی آبادی میں دو گنا اضافے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے گا،وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت زرعی زمینوں کو غذائی مقاصد کےلئے بچانے کی خاطر ضروری ہے کہ نئی رہائشی سکی میں متعارف کروانے کی بجائے کم سے کم رقبے پر زیادہ سے زیادہ رہائشی یونٹ تعمیر کئے جائیں ،انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی قوانین میں ترمیم کا مسودہ نجی شعبے کے ماہرین تعمیرات، آرکیٹیکٹس، بلڈرز، ڈویلپرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے تیار کیا ہے اور ان عمارتوں کی تعمیر کے دوران فائر فاءٹنگ‘حفاظتی اقدامات، ریسکیو انتظامات، پارکنگ اور دیگر ضروریات کی طرف خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔