ملائیشیا کی جانب سے وزیراعظم کے لئے گاڑی کا تحفہ، گاڑی پاکستان کے حوالے

0
46

ملائیشیا کی جانب سے وزیراعظم کے لئے گاڑی کا تحفہ، گاڑی پاکستان کے حوالے

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی طرف سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو تحفہ کے طور پر دی جانے والی گاڑی پروٹن 70 حکومت پاکستان کے حوالہ کردی گئی۔ پیر کو حوالگی کی تقریب میں پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم، ڈائریکٹر آف انٹرنیشنل پروموشنز خالد یوسف، وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس اینڈ ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروٹن گاڑیوں کے پاکستان میں آفیشل ڈسٹری بیوٹر الحاج آٹوموٹو کے چیئرمین شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔

ملائیشن ہائی کمیشن کی جانب سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ملائیشیا واحد مسلم ملک ہے جو اپنے ملک میں کاریں تیار کر رہا ہے، امید ہے باہمی تعاون پاکستان میں بھی کار سازی کی صنعت کے فروغ کا باعث بنے گا، ملائشیا اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ مل رہا ہے اور امید ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا

ملائشین ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم نے کہا کہ یہ گاڑی صرف تحفہ نہیں بلکہ ملائیشیاء کے وزیر اعظم کا پاکستان کے لیے جذبات کا اظہار ہے، آج کی تقریب گاڑی سپرد کرنے کی تقریب نہیں، یہ وزیر اعظم مہاتیر کا وزیر اعظم عمران خان کو تحفہ ہے۔

ملائشیا کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو تحفہ میں دی جانے والی گاڑی کی قیمت 98 ہزار 400 ملائشین رنگٹ (پاکستانی تقریبا 38 لاکھ) ہے،ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد یوم پاکستان کی تقریب میں دورہ پر آئے تو انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو پروٹن گاڑی بطور تحفہ میں دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا اور ملائیشیا کی طرف سے گاڑی حکومت پاکستان کے حوالہ کر دی گئی.

Leave a reply