ملائیشیا میں قومی ایئر لائن کا ضبط کیا گیا طیارہ پاکستان کے حوالے

0
41

کراچی:ملائیشیا میں قومی ایئر لائن کا ضبط کیا گیا طیارہ پاکستان کے حوالے کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے بعد باہمی رضامندی سے ملائیشین عدالت میں درج کیس خارج ہوگیا ہے اور ضبط کیا گیا طیارہ قومی ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے طیارے کی پاکستان کو حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جہاز کے عملے کو ملائیشیا روانہ کیا جائے گا اور اگلے دو روز میں طیارے کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے کو دوبارہ مسافر طیارے کے طور پر ہی آپریٹ کیا جائے گا۔

اد رہے کہ 15 جنوری کو پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالا لمپور ائیرپورٹ پر مقامی حکام نے تحویل میں لے لیا تھا۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے 15 جنوری کو کوالالمپور پہنچی تھی۔ جس کے بعد ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پرتحویل میں لے لیا گیا۔ طیارے کے لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لیا گیا تھا۔

ادھرذرائع کے مطابق پی آئی اے نے 2015ء میں بوئنگ 777 ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔ کوالالمپور سے مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے کو ایک کروڑ روپے خرچ کرنا پڑے تھے۔

اس وقت پاکستان پہنچنے پر مسافروں نے شکایات کیں کہ انہیں کھانا دیا نہ ہی ہوٹل میں رہائش دی گئی ، مسافروں کو زمین پر سونا پڑا ۔

دوسری جانب پی آئی اے نے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کا ایک طیارہ عدالتی احکامات پر تحویل میں لیا گیا ۔ اس معاملے پر برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التوا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے 7ملین ڈالر کمپنی کو ادا کردئیے گئے تھے جس کے بعد برطانوی اور ملائیشین عدالتوں سے کیس ختم ہوگئے۔

پی آئی اے اور کمپنی کے مابین معاملات عدالت کے باہر حل کرنے پر رضامندی کے بعد ملائیشین عدالت نے کیس خارج کردیا۔

واضح رہے کہ برطانوی عدالت میں کمپنی نے نوملین ڈالر کی ادائیگی کا کیس دائر کیا تھا جبکہ ملائیشین عدالت میں 14 ملین ڈالر کا کیس دائر کیا تھا۔

Leave a reply