سینئر اداکار منظر صہبائی نے کہا ہے کہ جب انہوں نے ثمینہ احمد کو شادی کی پیش کش کی تو انہوں نے حیرانگی کا اظہار کیا تھا ۔

ایک نجی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں منظر صہبائی اور ثمینہ احمد نے بتایا کہ دونوں کی پہلی ملاقات دھوپ کی دیوار کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔

منظر صہبائی نے بتایا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران ثمینہ احمد کو دیکھتے ہی ان سے پوچھا تھا کہ وہ یہاں ادھر کیا کر رہی ہیں؟ یہاں کیا ہے؟ منظر صہبائی کی جانب سے ایسا کہنے پر وہ ان سے متعلق سوچنے لگیں کہ ’عجیب انسان ہیں‘۔

منظر صہبائی نے بتایا کہ اس کے بعد ہی انہوں نے ثمینہ احمد کو شادی کی پیش کش کی، جس پر وہ حیران رہ گئیں اور ان سے تعجب سے پوچھا کہ وہ کیا کہ رہے ہیں ؟

ثمینہ احمد کے مطابق پہلی ملاقات کے بعد ان دونوں کا موبائل فون پر رابطہ رہا، جس کے بعد ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

منظر صہبائی کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین بار ثمینہ احمد سے شادی سے متعلق پوچھا، جس پر انہوں نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا کہ رہے ہو؟ جس پر انہوں نے انہیں جواب دیا کہ نکاح کے لیے پوچھنا پڑتا ہے۔

منظر صہبائی نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے دنیا اور لوگوں کا نہیں بلکہ صرف اپنا سوچا اور اسی لیے ہی انہوں نے شادی کی اور شادی کے فیصلے پر نہ صرف ان کے دوست اور جاننے والے بلکہ ان کے بچے بھی خوش ہوئے۔

یاد رہے کہ منظر صہبائی اور ثمینہ احمد نے زائدالعمری میں اپریل 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا۔

Shares: