کروڑوں روپے مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں
تفصیلات کے مطابق انٹی کارلفٹنگ سیل مردان نے ملک کے مختلف صوبوں سے کروڑوں روپے مالیت کے چوری شدہ 65عدد گاڑیاں برآمد کر لی۔ جن میں 50گاڑیاں صوبہ پنجاب،04گاڑیاں اسلام آباد،01گاڑی صوبہ سندھ اور10عدد ٹیمپر شدہ گاڑیاں شامل ہیں۔ برآمد شدہ گاڑیوں میں سے 41عدد مختلف گاڑیاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اپنے اصل مالکان کے حوالے کئے گئے جبکہ 24عدد گاڑیوں کی قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد اپنے اصل مالکان کو حوالہ کیے جائینگے۔
اسی طرح سٹی سرکل پولیس نے بین الاضلاعی موٹر سائیکل چور گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر ضلع بھر کے مختلف مقامات سے چوری شدہ مختلف ساخت کے 25عدد موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ گرفتار چور گروہ میں ضلع صوابی دوبیان سے تعلق رکھنے والے ملزمان عبدالرحمن ولد حلیم شاہ اور حضرت علی ولد سید رحمن شامل ہیں۔
ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ مختلف اضلاع سے موٹرسائیکل چوری کرنے کے بعد پارٹس میں تقسیم کرکے ان پارٹس کو مختلف جگہوں پر فروخت کرتے ہیں۔ گرفتار ملزمان دیگر اضلاع کی پولیس کو بھی موٹرسائیکل چوری کے مقدمات میں مطلوب ہیں۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہے گی۔