شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور کرونا ویکسینیشن سنٹر فیروزوالہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ دورہ کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیروزوالہ بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور مریضوں کے ساتھ حسن اخلاق کے ساتھ پیش آیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر فیروزوالہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کثر اٹھا نہ رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیروز والہ کے دورہ کے بعد کرونا ویکسینینش سنٹرفیروز والہ پہنچے اور ویکسینیشن سنٹر میں دستیاب عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کرونا ویکسینیشن سنٹر میں تمام سہولیات کی دستیابی اور بہترین انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر فیروزوالہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرونا ویکسینیشن سنٹر فیروزوالہ میں عوام کی سہولت کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کرونا ایس او پیز پر عمل در آمد کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر خطر ناک ثابت ہو رہی ہے جس سے بچاﺅ کے لئے عوام کو حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرونا ویکسینیشن سنٹر فیروز والہ میں مریضوں کی سہولت کے لئے ماسک ، سینی ٹائزر اور جنریٹر سمیت تمام تر سہولیات میسر ہیں ۔ عوام کو مفت کرونا ویکسینیشن کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

Shares: