معروف عالم دین مصنف کتب کثیرہ ابو یحییٰ زکریا زاہد انتقال کرگئے..

لاہور :معروف عالم دین مصنف کتب کثیرہ و مترجم ابو یحییٰ زکریا زاہد انتقال کرگئے. ان کی نماز جنازہ 2 بجے بی وینس ھاؤسنگ سکیم لاہور میں ادا کی جائے گی.

مولانا زکریا زاہد ضلع قصور کے گاؤں بازید پور میں 1953ءمیں پیدا ہوئے. مارچ 1965ء تک گاؤں ہی میں پرائمری تک تعلیم حاصل کی .1968ء میں مختلف دینی مدارس میں دینی تعلیم کے لئے رخ کیا. اسی دوران میٹرک اور ادیب عربی کے امتحانات پاس کئے. 1974ء میں جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے ثانویہ عامہ کی سند حاصل کی.

2 جنوری 1982 ء میں مملکت سعودیہ عرب کے اشاعتی و تبلیغی ادارے مکتب الدعوۃ والارشاد میں ملازمت اختیار کرلی. اسی دوران بی اے, وفاق المدارس اور عربی فاضل کا امتحان پاس کیا. اپریل 1987 ء تک اسی ادارے سے وابستہ رہے. اس کے بعد سعودی وزارت عدل میں بحیثیت مترجم تعینات ہوگئے .

8 سال بعد 1994 ء میں وطن واپس لوٹے اور 1995ء میں جنوبی لاہور میں وی آئی پی سکول کی بنیاد رکھی. مصروفیات کے باعث ادارے کو تین سال ہی وقت دے سکے بعد میں ادارہ سٹاف کے سپرد کرکے ترجمہ و تصنیف میں مشغول ہوگئے. 2007 ء میں تجارتی ویزٹ کے لئے سعودیہ تشریف لے گئے اس دوران بہت سی کتب کے تراجم کیے ,اسی دوران سعودی وزارت الشئون الاسلامیہ کے تحت کام کرنے والے ادارے محافظ ینبع /منطقۃ المدینہ المنورۃ کے المکتب التعاونی للدعوۃ الارشاد وتوعیۃ الجالیات کے مدیر و نائب تعینات ہوگئے .

20 ستمبر 2012 ء میں دوبارہ وطن واپس لوٹ آئے. لاہور کی لیڈز یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی. مولانا زکریا زاہد نے تفسیر السعدی, موطأ امام مالک, جامع الترمذی اس درجہ کی دیگر کتب کے تراجم کیے اور 50 سے زائد کتب تصنیف کیں جن میں سے بعض کے انگلش تراجم بھی شائع ہوئے .

مولانا زکریا زاہد کی وفات پر مولانا سیف اللہ خالد, مولانا امیر حمزہ, مولانا مفتی مبشر احمد ربانی,ممتاز محققین و مترجمین مولانا محمد اجمل بھٹی فاضل مدینہ یونیورسٹی ،مولانا حافظ محمد اقبال صدیق فاضل مدینہ یونیورسٹی ، مولانا نعمان ادریس فاروقی ، مولانا مدثر یوسف حجازی ریسرچر بیت القرآن ،مولانا عبدالرشید حجازی ، ابو الہاشم ربانی, مولانا محمد یونس آزاد ، مولانا محمد ابرار ظہیر ، ودیگر علماء نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے-

Shares: