کراچی : پیپلزپارٹی کے شریک رہنماء اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مری میں حکومت کی نالائقی کی وجہ سے معصوم شہری زندگی سے محروم ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ مری میں اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مری میں حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات نہ کرنا قابل افسوس ہے، حکومت کی نالائقی اور نااہلی سے ہی معصوم شہری زندگی سے محروم ہوگئے ، جاں بحق افراد کے لواحقین کےغم میں برابر کے شریک ہیں ، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان لواحقین کو صبر عطا کرے۔
اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ سانحہ مری میں حکومت کی بے حسی کی وجہ سے شہریوں کی جان و مال کا نقصان ہوا ، لاکھوں گاڑیوں کا مری میں داخلہ اور حکومت کی بے خبری پر سوالیہ نشان ہے ، اب پاکستان کو بچانے کا وقت آ گیا ہے، بے بس سیاح مری کی سردی میں بے یارو مددگار زندگی کی بازی ہارگئے ، عمران خان کی نااہل حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے ، نااہل اور ناکام حکومت کو رخصت کرکے عوام کو تباہی سے بچا سکتے ہیں ، کیوں کہ اس وقت پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں گیس کا بھی بحران پیدا کر دیا ہے ، اب ملک میں گندم کا شدید بحران آنے والا ہے ، پاکستان سے یوریا کھاد پہلے ہی بیرون ممالک اسمگل کی جا رہی ہے ۔