سعودی عرب:نوجوان کی شادی کی تقریب منسوخ کرنے پرموجیں لگ گئیں ہر طرف سے تحائف اور آفرز کی بارش

0
43

جدہ:سعودی عرب کے شہر جدہ میں شادی کی تقریب منسوخ ہوتے ہی نوجوان پر تحائف اور آفرز کی بارش شروع ہوگئی .اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں ہوٹل نے ماجد نامی ایک نوجوان کی شادی کی تقریب کو منسوخ کیا ہی تھا کہ شادی میں تاخیر سے اس نوجوان کی قسمت کو چار چاند لگ گئے اور اس پر ہر طرف سے آفرز کی بارش ہونے لگی۔ موسم گرما کے فیسٹول ’سیزن جدہ‘ کے باعث ہوٹل انتظامیہ نے سعودی نوجوان کی شادی کی تقریب کی بکنگ منسوخ کر دی جس پر نوجوان نے دکھ بھرے انداز میں ٹوئٹر پر ہوٹل کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’یارو سوچو، یہاں میری شادی کی تقریب ہونی تھی مگر اب ’سیزن جدہ‘ سے یہ ممکن نہیں رہا، میری خوشی خراب ہو گئی۔‘ٹوئٹر پر پیغام دیکھ کر لوگوں نے نہ صرف ان سے اظہار ہمدردی کیا بلکہ اسے ائیر لائن، ہوٹلز اور دیگر اداروں کی جانب سے بے شمار آفرز موصول ہونے لگیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوان کو مختلف تحائف اور سیاحتی پیکیجز دینے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

ماجد کمال نامی نوجوان نے دو ماہ قبل اپنی شادی کی تقریب کے لیے کورنیش جدہ کے فائیو سٹار ہوٹل میں بکنگ کرائی تھی مگر تقریب سے 10 روز قبل ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے میسج موصول ہوا کہ ’سیزن جدہ‘ کے باعث ہوٹل مکمل طور پر بک ہے اس لیے آپ کی تقریب یہاں نہیں ہو سکتی۔ شادی کے لیے کسی دوسری جگہ کا انتظام کریں۔ انتہائی دکھ بھرے اندازمیں ٹویٹ کیا ’دوستو ذرا سوچو اس مقام پر میری شادی کی تقریب ہونا تھا جسے میں نے دو ماہ قبل بک کرایا اور تمام تیاریاں مکمل کر لیں۔ شادی سے 10 روز قبل جب میرا وقت بھی نہیں گزر رہا تھا، ہوٹل نے میرے تمام منصوبوں اور خوشیوں پر یہ کہہ کر پانی پھیر دیا کہ تقریب کا انعقاد ممکن نہیں کوئی اور جگہ دیکھیں۔‘

سوشل میڈیا پر جاری بحث کے دوران ہی سعودی ائیر لائن کی جانب سے نوجوان کے لیے بیرون ملک سفر کے ٹکٹ اور رہائشی پیکیج کا بھی اعلان کر دیا گیا جس کے بعد مزید آفرز کی بارش ہونے لگی۔ایک ماہر بیوٹیشن نے دلہن کے میک اپ کی آفر کی تو فائیو سٹار ہوٹل کی جانب سے نوجوان کو ہنی مون پیکج کے علاوہ سعودی ٹیلی کام نے 50 جی بی انٹرنیٹ پیکیج دینے کا اعلان کیا۔جدہ سیزن‘ کی جانب سے نوجوان کو ٹویٹ کیا گیا ’ماجد آپ کی خوشی ہماری خوشی ہے۔ کیا خیال ہے آپ کی شادی کی تقریب میں اہل جدہ بھی شریک ہو اور اسے ایک یادگار تقریب بنایا جائے۔‘ایک اور سعودی نے لکھا ’ماشااللہ دیکھا تاخیر میں آپ کے لیے کتنی بہتری ہوئی۔‘جبکہ دوسرے نے کہا کہ ’آپ کی شادی کی تقریب یادگار رہے گی، سیزن جدہ کے سبب ایک طرح سے اہل جدہ بھی آپ کی تقریب میں شریک ہوں گے، آپ کو شادی مبارک ہو۔‘

Leave a reply