کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک ماہ قبل کراچی سے اغواءہونے والی لڑکی لاہور سے بازیاب ہو گئی، جہاں اس نے اپنے اغواءکار کے ساتھ شادی کر لی تھی۔ ڈیلی ڈان کے مطابق لڑکی کی عمر 12،13سال بتائی گئی ہے، جو کراچی کی شاہ فیصل کالونی کی رہائشی ہے۔ 13فروری کو وہ لاپتہ ہوئی تھی۔
لڑکی کے گھر والوں کی طرف سے ایف آئی آر میں عبداللہ نامی شخص کو نامزد کیا گیا تھا۔ پولیس نے پشاور اور لاہور میں چھاپے مارے اور لاہور سے لڑکی برآمد ہو گئی جس نے عبداللہ نامی ملزم کے ساتھ نکاح کر رکھا تھا۔ایس ایس پی کورنگی ساجد امیر سدوزئی کا دعویٰ ہے کہ لڑکی گھر سے اپنی مرضی سے بھاگی اور اپنی مرضی سے اس آدمی کے ساتھ نکاح کیا۔
پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ لڑکی اور عبداللہ کے شادی کے کاغذات کی تصدیق کرائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی کی لڑکی دعا زہرہ بھی اسی طرح گھر سے لاپتہ ہو گئی تھی اور بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہ اپنی مرضی سے گھر سے بھاگ کر لاہور چلی آئی تھی اور ایک لڑکے کے ساتھ شادی کر لی تھی۔

Shares: