پاکستانیوں کو خادم مل گیا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

0
158
maryam aur shehbaz sharif

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی میں آج سے پاکستان میں خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف کا وزیراعظم منتخب ہونا خوش حالی کی نوید لے کر آئے گا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی اسپیڈ، محنت، کارکردگی اور ایمانداری کی دنیا معترف ہے، شہباز شریف کا ماضی گواہ ہے وہ محنت، کارکردگی اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے عہدے پر شہباز شریف کا انتخاب حقیقی جمہوریت کی فتح ہے۔ پاکستان کے معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل کے حل کیلئے شہباز شریف کی قیادت ناگزیر ہے۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری کی محمد شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد
پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کا دور دوبارہ شروع ہوگا۔ترجمان مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے تہنیتی پیغام میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا تھا یہ ان کا سب سے بڑا کریڈٹ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اب پاکستان کو معاشی گرداب سے نکالیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی اور مہنگائی کا خاتمہ ہے۔ ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جن کی قسمت میں رونا دھونا لکھا ہے وہ اگلے پانچ سال تک چیختے چلاتے نظر آئیں گے۔ نواز شریف کی قیادت میں وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ نون عوامی خدمت کے جذبے سے کام کریں گے۔ میاں نواز شریف کی سرپرستی وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز کے لیے باعث اعزاز ہوگی.

چیئرمین سینیٹ, محمد صادق سنجرانی کی میاں محمد شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد
چیئرمین سینیٹ، محمد صادق سنجرانی نے میاں محمد شہباز شریف کو دوسری بار پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ”میاں شہباز شریف کا دوسری مرتبہ بطور وزیر اعظم انتخاب اُنکی قیادت پر پاکستانی عوام اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے بھرپور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے”. چیئرمین سینیٹ نے اُمید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف قوم کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور مؤثر حکمت عملی اپنا کر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میاں شہباز شریف کو بطور وزیر اعظم ملک و قوم کی خدمت کرنے کی ہمت اور طاقت عطا فرمائے

Leave a reply