مدینہ منورہ : مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ۔
باغی ٹی وی : عرب میڈیا کے مطابق مسجد نبوی میں اعتکاف کرنے کے خواہشمندوں کے لئے ’زائرون‘ ایپ لانچ کی گئی ہے جس کے ذریعے اپنی معلومات اپ لوڈ کرکے اعتکاف کا پرمٹ حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ اعتکاف کےلئے مقررہ ضوابط کا اعلان بھی پورٹل پر کیا گیا ہے جس پرعمل کرنا ضروری ہے، اعتکاف کےلئے رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد پورٹل بند کردیا جائے گا، اعتکاف پر پہلے آئیے کی بنیاد پر کام جاری کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق رواں برس رمضان المبارک میں معتمرین اور عبادت گزاروں کی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آمد اور عبادتوں کا سابق تمام ریکارڈ ٹوٹ گیا، چنانچہ دیگر مقدس مقامات کی زیارتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے،جبکہ کعبہ شریف سے شمال مشرق میں 4 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع غارِ حرا میں ماہ رمضان کے دوران چوبیسوں گھنٹے معتمرین، زائر اور عبادت گزاروں کا ہجوم رہتا ہے باوجود اس کے کہ اس غار تک پہنچنے کے لیے گھنٹوں پہاڑ کی چوٹی پر چڑھنا ہوتا ہے۔
رواں سال کا پہلا چاند گرہن کل ہو گا
اونٹ کے کوہان سے مشابہ پہاڑ پر واقع غار حرا وہ مقدس مقام ہے جہاں نبی آخری الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پہلی وحی نازل ہوئی تھی اور ڈیڑھ ہزار سال میں شاید ہی کوئی دن ایسا گزرا ہو جب یہاں زائرین موجود نہ ہوں، ماہ رمضان میں یہ تعداد کئی گنا زیادہ ہوجاتی ہے اور اس سال یہاں زائرین کی آمد کا تمام ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
علاوہ ازیں رمضان کے بابرکت مہینےکے پہلے عشرے میں 10 لاکھ معتمرین اور عبادت گزاروں نے روضہ رسول پر حاضری کا شرف حاصل کیا،پہلے عشرے میں عاشقان رسول بڑی تعداد میں مسجد نبوی میں حاضر ہوئے، عبادت کی اور خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام پیش کیا۔معذور افراد کے لئے مسجد نبوی نے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس سے استفادہ کرتے ہوئے 26 ہزار معذور افراد نے بھی روضہ رسول پر حاضری دینے کی سعادت حاصل کی۔
قیدیوں کی سزا میں 90روز کی کمی کا نوٹیفکیشن جاری
مسجد نبوی میں آنے والے عبادت گزاروں کی زم زم پانی، افطار اور کھانوں سے مہمان نوازی کی جا رہی ہے اور تمام تر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے درجنوں ٹیمیں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔مسجد نبوی میں داخلے اور اخراج کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ عبادت گزاروں کو کوئی مشکل درپیش نہ ہو۔ جگہ جگہ رہنمائی کے لئے تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔
مسجد نبوی کی انتظامی کمیٹی کی ان کاوشوں اور مربوط و منظم نظام کی وجہ سے عبادت گزاروں کی ریکارڈ تعداد کو فرائض اور نوافل کی اطمینان کے ساتھ ادائیگی کا موقع ملا،انتظامی کمیٹی نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں عبادت گزاروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔







