لاہور: لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2020ء ماسٹر پینٹس نے جیت لیا،اطلاعات کے مطابق لاہور پولو کلب کے زیراہتمام فوڈ پانڈہ کا پیش کردہ ہمدان پولو کپ برائے لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2020ء ماسٹر پینٹس نے جیت لیا۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد پرائس میٹر ڈاٹ پی کے /کالاباغ کی ٹیم کو 9-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق فائنل میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کرونا ایس او پیز کو مکمل فالو کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، ہمدان ہولڈنگز کے سی ای او کمال ناصر، فوڈ پانڈہ کے ڈائریکٹر کمرشل منتقاپراچہ، لیک سٹی کے سی ای او گوہر اعجاز،لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضی،شاہ قبلائی عالم، فیروز گلزار، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل(ر) مدثر شریف اور ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

فائنل میچ کافی دلچسپ رہا۔ ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے پرائس میٹر ڈاٹ پی کے /کالاباغ کی ٹیم کو 9-7 سے ہرایا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے مارکوس پنیلو نے 5، فاروق امین صوفی نے شاندار کھیل پیش کیا اور تین گول جبکہ بلال حئی نے ایک گول سکور کیا۔ پرائس میٹر ڈاٹ پی کے /کالاباغ کی طرف سے مینول کرانزا نے 6 جبکہ صوفی محمد عامر نے ایک گول سکور کیا۔

ادھر تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں باڑیز نے ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو کو 7-3 سے ہرا دیا۔ باڑیز کی طرف سے حمزہ مواز خان نے چار، لینا باڑی نے دو، ارینسٹو ٹروٹز نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈائمنڈ پینٹس /ایف جی پولو کی طرف سے ٹام بروڈی نے تینوں گول سکور کیے۔

اختتامی تقریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمال ناصر سی ای او ہمدان کا کہنا تھا کہ ہر سال پولو کو سپانسر کیا ہے۔ ہمدان پولو کے کھیل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہمدان ہولڈنگز کی سوشل ذمہ داری ہے کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو سپورٹ کرے۔

ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا انعام ارجنٹائن سے آئے ہوئے ماسٹر پینٹس کے کھلاڑی مارکوس پنیلو کو دیا گیا۔ فائنل کی بہترین گھوڑی کا اعزاز فاروق امین صوفی کی گھوڑی کیوا کو دیا گیا۔

Shares: