با خبر ذرائع کے مطابق سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں میٹرک کے امتحانات میں پہلے روز کچھ امتحانی مراکز پر پرچے تاخیر سے پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ گو کہ میٹرک اور انٹر بورڈ میری وزارت میں نہیں آتی تاہم اس سلسلے میں معاملات کو دیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی وزارت میں اسکولز اور کالجز آتے ہیں بورڈز اور جامعات نہیں آتے۔ لیکن شکایات پر متعلقہ بورڈ کے چیئرمین اور کنٹرولر امتحانات سے معلومات لی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل ہونے والے پرچے کے حوالے سے تمام متعلقہ چئیرمینز اور کنٹرولر امتحانات کو بروقت امتحانی پرچے مراکز پر پہنچانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات آج سے شروع ہوگئے تاہم امتحانات کے پہلے ہی روز نقل مافیا سرگرم ہوگیا جس کی وجہ سے میٹرک بورڈ کے دعوے اور کارکردگی کھل کر سامنے آگئی کیوں کہ کراچی میں شروع ہونے والے دسویں جماعت کے امتحانات میں سائنس گروپ کا فزکس کا پرچہ آوٹ ہوگیا اور امتحانی مراکز پہنچنے سے پہلے ہی نقل مافیا کے ہاتھوں میں پہنچ گیا۔

Shares: