مولانا فضل الرحمن سندھ کے 7 روزہ دورے پر سکھر پہنچ گئے
9 جولائی کو اے پی سی کی صدارت کریں گے ، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو دعوت نامے پہنچا دیئے، تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں
کراچی /سکھر /حیدرآباد (پ ر )جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے زیر اہتمام کراچی میں 9 جولائی جمعرات کو مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں ، جے یوآئی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ذمہ داران کو دعوت نامے پہنچا دیئے گئے ہیں ، کراچی میں جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد کی قیادت میں محمد اسلم غوری، مولانا محمد غیاث ، امین اللہ اور شرف الدین اندھڑ پر مشتمل وفد نے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرکے انہیں اے پی سی کے دعوت نامے پہنچا دیئے ، جے یوآئی کے وفد نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صوبائی صدر نثار کھوڑو، ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان ، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر محمد حسین محنتی ، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال، مسلم لیگ ق کے طارق خان ، جی ڈی اے سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار رحیم ، صدر شیعہ علماء کونسل سندھ علامہ ناظر عباس تقوی کو اے پی سی کے دعوت نامے دیئے۔
جبکہ حیدرآباد میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا تاج محمد ناہیوں جے یوآئی سندھ لائرز فورم کے صدر سرور بلیدی کی قیادت میں جے یو آئی کے وفد نے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید جلال محمود شاہ کا دعوت نامہ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری روشن ابڑو جے یو آئی کی میزبانی میں 9 جولائی کو کراچی میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ انہیں دیا ۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سندھ کے 7 روزہ تنظیمی دورے پر سکھر پہنچ چکے ہیں ، مولانا اپنے دورے کے دوران آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کے علاوہ حالیہ دنوں میں انتقال کرنے والے سرکردہ شخصیات کے انتقال پر تعزیت کریں گے ، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹری جنرل نے تمام ڈویژن کے اضلاع کے امراء ونظماء عمومی کو پابند کیا ہیکہ جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے مختلف ڈویژن کے صدر مقامات کے دوروں کے دوران تمام اضلاع کے ذمہ داران سے خصوصی ملاقات اور مشاورت کریں گے۔ قبل ازیں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کے ہمراہ ملتان سے موٹروے سکھر پہنچے، جے یوآئی کے مرکزی آغا سید محمد ایوب شاہ کی رہائش گاہ پر مولانا فضل الرحمن سے سادات ہاؤس سکھر میں مختلف اضلاع جن میں سکھر ، گھوٹکی ، خیرپور ، نوشہرو فیروز اور شہید بینظیر آباد کے جے یو آئی کے ضلعی صدور و سیکریٹریز جنرل نے ملاقات کی ، جے یوآئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی ، مولانا محمد صالح انڈھڑ ، مولانا سعود افضل ھالیجوی ، مولانا میر محمد میرک ، مولانا محمد اسحاق لغاری ، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو ، قاری عبدالقیوم چنہ ، مولانا عبدالرحمان ڈنگراج و دیگر بھی موجود تھے۔