اداکارہ ماورہ حسین نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ میں شادی کب کررہی ہوں اس بارے میں ابھی نہیں سوچا لیکن جب وقت آئے گا تو اپنے ساتھی کے ساتھ نکاح نامے کی تمام شقوں پر بات کروں گی، کیونکہ دونوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ میں کس سے شادی کروں گی ، جب مجھے ملے گا تومیں سوشل میڈیا پر یقینا اپنے مداحوں کو آگاہی دوں گی. انہوں نے کہا کہ میں ایسی کہانیاں کرتی ہوںجن سے معاشرے کو مثبت پیغام ملے، میں ایسے سکرپٹ بالکل نہیں کرتی جن سے معاشرتی اقدار کو نقصان پہنچے. میں نے ڈرامہ سیریل نیم میں زمل کا کردار اس لئے چُنا کیونکہ اس میں ایک ایسی لڑکی دکھائی گئی ہے جو خواتین کے حقوق اور انکی خود مختاری کی بات کرتی ہے.
انہوں نے کہا کہ ”پیار اور محبت غلط بات نہیں ہے لیکن یہ سوچنا کہ ہم محنت بھی نہ کریں اور کوئی شہزادہ ہمیں بچا لے گا، یہ بے وقوفی والی بات ہے”، ہمارے معاشرے میں لڑکیاں ایسے سوچتی ہیں۔ماورا نے کہا کہ پیار و محبت میں پاگل ہوجانا غلط ہے، محبت ایک دوسرے کی زندگی میں دخل اندازی کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک پُرسکون احساس ہے، آپ کا ساتھی یہ سمجھے کہ آپ کے لیے کیا اہم ہے اور آپ کس چیز کے لیے پرُجوش ہیں.