وفاقی وزارت داخلہ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کے بیرون ملک دوروں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے، پبلک آفس ہولڈر ہونے کے باوجود میئر کا بنا تحریری اجازت لیئے بیرون ملک دورے کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن ( ایم سی آئی) کا آڈٹ شروع ہوتے ہی میئر ایک مرتبہ پھر بیرون ملک روانہ ہو گئے، وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کے گزشتہ تین سالوں میں سرکاری حیثیت میں بیرون ممالک دوروں اور اس پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کے ساتھ ان دوروں میں وصول کیئے گئے تحائف اور ان کے مصرف کے بارے بھی رپورٹ دینے کے احکامات جاری کئے ہیں،

وزارت داخلہ کے اعلی حکام میئر اسلام آباد کے بیرون ممالک دوروں میں وزارت سے اجازت نہ لینے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور تمام دوروں کے این او سی کے بارے بھی تفصیل طلب کی ہے، تاہم ایف آئی اے ذرائع کے مطابق میئر اسلام آباد نے گزشتہ تین سالوں میں جتنے بھی بیرون ممالک کے دورے کیے کسی بھی قسم کا این او سی ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کے کاونٹر پر نہیں دکھایا گیا ،

یاد رہے کہ کسی بھی پبلک آفس ہولڈر کو بیرون ملک دورے کے لئے اپنی متعلقہ وزارت سے این او سی لینا ضروری ہوتا ہے اور ایم سی آئی وزارت داخلہ کے ماتحت ادارہ ہے ، ایم سی آئی ذرائع کے مطابق ادارے کا آڈٹ شروع ہونے سے ایک یوم قبل میئر اسلام آباد بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے جبکہ ایم سی آئی کے مسائل حل کرنے کے بارے وزارت داخلہ میں بھی اہم اجلاس جاری تھے اور ان اجلاسوں میں میئر اسلام آباد کا ہونا انتہائی ضروری تھا۔
محمد اویس

Shares: