مزدور ہمارے ہیرو ہیں ان کے حقوق کے لئے آواز بُلند کریں علی ظفر

پاکستان شوبز انڈسٹری کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے گزشتہ روز اپنا نیا گانا ’ہم مزدور‘ ریلیز کردیا۔

باغی ٹی وی : علی ظفر نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر دُنیا بھر میں موجود مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اپنا نیا گانا ’ہم مزدور‘ جاری کیا ہے۔


تین منٹ 52 سیکنڈز پر مشتمل گانے کی ویڈیو میں دِکھایا گیا ہے کہ ہمارے مزدور کس قدر محنت و مشقت کرکے روزی کماتے ہیں۔

دوسری جانب علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مزدوروں کی وجہ سے ہی ہمارے ملک کی معشیت کا پہیہ چل رہا ہے لیکن افسوس اُنہیں اُن کی محنت کے حساب سے اُجرت نہیں ملتی ہے۔

علی ظفر نے تمام سول سوسائیٹیز ،سیاسی ،سماجی معروف شخصیات اور حکومت سے اپیل کی کہ کندھے سے کندھا ملا ہم ان مزدوروں کے ساتھ کندھا منائیں تاکہ انہیں احساس ہو کہ ہم سب ان کے ساتھ ہیں-


علی ظفر نے کہا کہ ’ہم ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں موبائل فون سے کھیلتے ہوئے چھوٹی چھوٹی چیزوں سے پریشان ہوجاتے ہیں لیکن ہم ان مشکلات کا تصور بھی نہیں کرسکتے جن کا سامنا ان مزدوروں کو روزانہ کی بنیاد پر کرنا پڑتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مزدور ہمارے ہیروز ہیں، آئیے متحد ہوکر ان کی محنت کو سراہتے ہوئے ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ مزدور بھی ہماری طرح انسان ہیں اور اُنہیں بھی زندگی کی وہ تمام بنیادی سہولتیں میسر ہونی چاہیے جو ہمیں ملتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز یعنی یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا گیا تھا۔

Comments are closed.