مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وارنٹ گرفتاری میں، مجھ سمیت میرے چھوٹے بھائی بلال تارڑ کا نام شامل کرنا چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے ان احسانات کا بدلہ ہے ہمارے بزرگوں نے ان پر کئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں عطا تارڑ سمیت 12 لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیراعظم شہبازشریف کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مقدمہ مضحکہ خیز ہے، انشاءاللہ جھکنے والے نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری میں مجھ سمیت میرے چھوٹے بھائی بلال تارڑ کا نام شامل کیاگیا، یہ سب پرویز الٰہی کی طرف سے ان احسانات کا بدلہ ہے، جو ہمارے بزرگوں نےان پر کئے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، بے شک پورے خاندان کا نام بھی ڈال دو۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں بڑی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب لاہور پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ کینٹ کچہری کو مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کی گرفتاری کے لئے درخواست دی۔
درخواست میں لاہور پولیس نے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے، لیکن ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہورہے، ملزمان سے تحقیقات کرنے کے لئے ان کو گرفتار کرنا ضروری ہے۔
لاہور پولیس نے استدعا کی کہ عدالت 12 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے، ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش مکمل کرنی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے قلعہ گجرسنگھ پولیس کی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالت کی جانب سے معاون خصوصی وزیراعظم عطا تارڑ اور رانامشہود سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ جس کے بعد پولیس رانا مشہود کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر کے باہرپہنچ گئی۔