مینارِ پاکستان واقعہ پر بختاور بھٹو حکومت پر برس پڑیں
سابق وزیرِاعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اورسابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے مینارِ پاکستان میں خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کے خوفناک واقعے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بختاور بھٹو زرداری نے کہا کہ مینارِ پاکستان میں برین ڈیڈ زومبیز نے خوفناک گھات لگاکر خاتون پر حملہ کیا۔
حکومت ہر خوفناک واقعہ کو قالین کے نیچے صاف کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں مرد نے کئی بار عورت کو نقصان پہنچایا ہے اور ہر بار یہ حکومت درندون کو رہا کرنے کا جواز بھی فراہم کرتی ہے۔ بختاور بھٹونے کہاکہ اس حکومت کا کوئی نیا قانون تحفظ فراہم نہیں کرے گا اور نہ ہی تبدیلی لائے گا۔واضح رہے کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔اوباش نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دیے جبکہ پولیس واقعہ سے بے خبر رہی۔خاتون کی درخواست پر 400 نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔