پاکستان میوزک انڈسٹری کی گلوکارہ میشا شفیع نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکارعلی ظفر کی جانب سے اپنے خلاف دائر ہتک عزت کے دعوے پر کارروائی روکنے کے لیے لاہور کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
باغی ٹی وی :میشا شفیع کے وکیل ثاقب جیلانی نے عدالت میں گلوکارہ کی جانب سے درخواست دائر کی جس پر سماعت کے بعد سیشن کورٹ نے 13 اکتوبر کو علی ظفر کو طلب کرلیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مجھ سمیت دیگر گواہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
میشا شفیع کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ مقدمے درج ہونے کے باعث میرے گواہ ذہنی طور پر خوف زدہ ہیں درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ایف آئی آر کا فیصلہ ہونے تک ہتک عزت کے دعوے کی کارروائی روک دے۔
بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج یاسرعلی نے میشا شفیع کی درخواست پر سماعت کی اور علی ظفر کی جانب سے دائرہ کردہ ہتک عزت کے دعوے پر 13اکتوبر تک کارروائی ملتوی کردی۔
سیشن کورٹ نے 13 اکتوبر کو علی ظفر کو درخواست پر جواب جمع کرانے کے لیے بھی طلب کرلیا اس سے قبل 28 ستمبر کو میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کی سماعت 28 ستمبر کو سیشن کورٹ کے پریزائڈنگ جج کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملتوی ہوئی تھی-