رحیم یار خان( )صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب حسینین بہادر دریشک کی زیر صدارت ضلع میں انسداد کورونا، گندم خریداری مہم، احساس کفالت پروگرام سمیت دیگر امور کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، ایم این اے مخدوم مبین عالم، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر وزکواة چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے چوہدری آصف مجید، ایم پی اے میاں محمد شفیع، چوہدری نعیم شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، سی ای ا وہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر غلام ربانی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر حسنین بہاد ردریشک نے کہا کہ حکومت عالمی آفت کورونا سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کورونا سمیت کئی محاذ پر عوامی مسائل حل کرنے کے لئے عملی طور پر متحرک ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائر س کے مشتبہ و کنفرم مریضوں کو علاج معالجے سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ضلعی انتظامیہ بہتر کام کر رہی ہے جو باعث اطمینان ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم میں حکومتی ہدایات پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے اہداف حاصل کئے جائیں جبکہ احساس کفالت پروگرام میں بھی تمام حفاظتی اقدامات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بتایا کہ ضلع میں کورونا کے 326مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ لئے گئے جس میں سے41کے نتائج مثبت جبکہ192کے منفی آئے ہیںاور90سے زائد مشتبہ مریضوں کے نتائج کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ کنفرم آنے والے تمام کورونا مریضوں کو شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان کی بہتر نگہداشت یقینی بنائے جا سکے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہوم کورانٹائن کسی بھی مشتبہ مریض کو نہیں کیا جائے گا تمام کو حکومتی قرنطینہ مراکز میں رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ شیخ زید ہسپتال میں 13کنفرم اور 13مشتبہ کورونا کے مریض زیر علاج ہیں اور بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے شیخ زید ہسپتال میں بیڈز کی تعداد150تک بڑھائی جا رہی ہے جبکہ ضلع میں 7قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کو علاج معالجہ و دیگر سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز پیرا میڈیکس سٹاف کی حفاظت کو پہلی ترجیح دی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں800سے زائد تبلیغی جماعتوں کے ممبران موجو دہیں اور ان تمام کے کورونا ٹیسٹ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گندم خریداری مہم کے حوالہ سے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور تاحال10فیصد تک باردانہ محکمہ خوراک نے کاشتکاروں کو فراہم کر دیا ہے۔گندم خریداری مراکز اور احساس کفالت کیش سنٹرز پر کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور مزید آسانی کے لئے ضلع میں احساس کفالت کیش سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے لئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت 17سنٹرز کے130کیش کاﺅنٹرز کے ذریعے10ہزار562مستحقین کو12کروڑ70لاکھ77ہزار روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں او رلاک ڈاﺅن سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو چیمبر آف کامرس سمیت مخیر حضرات کے تعاون سے ضلعی انتظامیہ نے 11ہزار202راشن بیگ تقسیم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک رکھے ہوئے ہے اور اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پر سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، مخدوم مبین عالم، چوہدری محمد شفیق، چوہدری آصف مجیداور میاں محمد شفیع نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشکل حالات میں بہتر فیصلے کر رہی ہے اور تمام ارکان پارلیمنٹ بھی اپنے حلقوں کے غریب گھروں میں راشن فراہم کر رہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ اور اس کی روک تھام کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے بھی عوام کو حفاظتی تدابیر بارے آگاہ کر رہے ہیں۔

Shares: