اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کی جانب سے اسلام آباد میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

جمعرات کو اجلاس میں این ڈی ایم اے کے افسران کے علاوہ تمام صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ڈائریکٹر جنرلز بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، محکمہ موسمیات پاکستان، ریسکیو 1122، چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن، ڈی سی اسلام آباد کے علاوہ نمائندہ ایم او ڈائریکٹوریٹ نے شرکت کی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس موقع پر شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کو درپیش مختلف آفات اور ان کے خطرات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مؤ ثر منصوبوں کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران باہمی ہم آہنگی عوامی آگاہی مہم ، مختلف مراحل/درجوں پر مشتمل فرضی مشقوں اور میڈیا کے اہم کردار کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

اجلاس کے دوران زلزلہ اور سیلاب جیسی قدرتی آفات اور ان کے خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ شرکاء نے قدرتی آفات اور ان کے خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے ہمیشہ صوبائی و ضلعی اداروں کو ہر قسم کی مدد فراہم کی اور مستقبل میں بھی کرتا رہے گا۔ اس حوالے سے فالو اپ /اگلی جائزہ میٹنگ مارچ2022 کے آخری ہفتے میں منعقد کی جائے گی۔

Shares: