باغی ٹی وی معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے گیس مزید مہنگی کرنے کا عندیہ دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاری کرلی؟ تو اس کے جواب میں انہوں نے گیس مزید مہنگی کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ گیس مہنگی کرنے کی اوگرا سفارشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
معاون خصوصی برائے پٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس مہنگی کرنا بھی پڑی تو معمولی اضافہ کریں گے۔ ابھی تک گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ اوگرا کی سفارشات کا ابھی جائزہ لے رہے ہیں۔
معاون خصوصی سے ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ایل پی جی نئی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فائنل ایل پی جی پالیسی کی منظوری سے پہلے متعلقہ انڈسٹری کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ چند دنوں میں ایل پی جی پالیسی کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان کی سب سے بڑی پٹرولیم ریفائنربائیکو پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ بائیکونے 31 دسمبر2020 کو ختم ہونے والی ششماہی کیلئے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کی مجموعی آمدن تیل کی قیمتوں میں کمی اور کورونا وائرس کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کے باعث20 فیصد کمی کے ساتھ گزشتہ سال کی مدت میں 125.6 بلین سے کم ہو کر 100.1 بلین روپے ہوگئی۔
تاہم بائیکو کے مجموعی منافع میں کروڈ اور فرنس آئل کی موزوں قیمتوں کے باعث30فیصد اضافہ دیکھا گیاجو گزشتہ 2.5 بلین روپے کے مقابلے میں 3.3 بلین روپے ہوگیا۔