محمود خان اچکزئی نے افغان طالبان سے بڑا مطالبہ کر دیا
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ قبل مسیح سے افغان اپنے وطن سے دیوانگی کی حد تک محبت رکھنے پر مشہور ہیں

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کا قانون ہے کہ جس ملک میں المیے ہوتے ہیں اس ملک کا باشندہ دیگر ممالک میں بغیر پاسپورٹ داخل ہوسکتا ہے دنیا کے ممالک افغانستان کے ہمسایوں پر زور ڈالیں کہ اپنی سرحدات مہاجرین کے لیے کھول دیں۔ ایک مشہور مقولہ ہے کہ جو ملک دوسرے ممالک کی آزادی چھینتے ہیں تو نتیجتاً ان کی خود کی آزادی چلی جاتی ہے افغانستان کی حکومت کو سائیڈ لائن کر کے امریکا کا طالبان سے مذاکرات کرنا ویتنام کی طرح شکست کا اعتراف ہے پاکستان اور ایران نے ہر حال میں افغانستان کے استقلال کی ضمانت دینی ہوگی تاکہ زخمی افغانستان ایک مستحکم افغانستان بن کر ابھرے۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ طالبان مہربانی کریں ہر لشکر میں اچھے برے لوگ ہوتے ہیں لوگوں کو اذیت نہ پہنچائیں اور محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی فتح مکہ کے وقت رویے کی پیروی کریں۔ میں طالب سے کہتا ہوں کہ عورت کا مسئلہ باہر نکلنا، نہ نکلنا اور پردہ کرنا، نہ کرنا نہیں ہے بلکہ ان کو اس سوسائٹی کا حصہ دار بنانے کا ہے۔ ان کو شریعت کے مطابق جائیداد میں حصہ دار بنایا جائے میں طالبان سے کہتا ہوں کہ افغانستان کا جھنڈا افغان استقلال کا نشان ہے اور کلمہ طیبہ بھی اس پر درج ہے۔ پھر اسے تبدیل کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

Shares: