کراچی : مہنگائی اور تباہ حال کاروبار سے پریشان شخص نے بیوی کی زندگی کا خاتمہ کردیا

کراچی کے علاقے حسین آباد میں کاروبار تباہ ہونے اور مہنگائی کی وجہ سے شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کی زندگی کا خاتمہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے حسین آباد کے رہائشی 52 سالہ مشتاق پٹیل نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی صبیحہ بی بی کو قتل کردیا ، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تمام تر قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا جب کہ ملزم مشتاق پٹیل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ۔
گرفتار کے بعد ملزم کی جانب سے پولیس کو اعترافی بیان دیا گیا کہ ہمارے 4 بچے ہیں ، جن میں ایک بیٹا شادی شدہ اور ان سے الگ رہتا ہے گزشتہ چند برسوں کے دوران کاروبار تباہ ہوگیا اور مہنگائی کی وجہ سے گزارہ بھی مشکل ہوگیا جس کی وجہ سے بیوی سے اکثر جھگڑا رہتا ، اسی وجہ سے حالات سے تنگ آکر بیوی کو قتل کردیا ۔

Shares: