سیالکوٹ، باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر شاہد ریاض) آج دنیا بھر میں ذہنی صحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے
10 اکتوبر کو دنیا بھر میں ذہنی صحت Mental Health کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں 45 کروڑ افراد کسی نہ کسی دماغی عارضے میں مبتلا ہیں۔ جس میں سب سے زیادہ پائی جانے والی دماغی بیماریاں ذہنی دباؤ، ڈیپریشن اور شیزو فرینیا ہیں۔ 2002ء میں یہ اندازہ لگایا تھا کہ دنیا بھر میں 15 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ افراد ڈیپریشن کا شکار ہیں۔
ذہنی صحت ہے کیا؟
ذہنی صحت سے مراد انسان کی نفسیاتی اور جذباتی صحت ہے۔ نفسیاتی صحت درحقیقت ہمارے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت، جذبات، احساسات اور رویوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔ نفسیاتی طور پر صحت مند فرد جہاں روزمرہ زندگی کی سرگرمیوں کو بہتر طور پر سر انجام دے سکتا ہے وہیں وہ ذہنی دباؤ کو بھی بہتر اور مثبت انداز میں ڈیل کر سکتا ہے۔
کئی حکمت عملیاں ایسی ہیں جو آپ کو اچھی ذہنی صحت قائم کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں جیسے کہ مثبت رویہ اپنائے رکھنا، جسمانی طور پر متحرک رہنا، دوسرے لوگوں کی مدد کرنا، مناسب نیند لینا اور صحت بخش غذائیں کھانا۔