پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں ڈرامہ سیریل ’میرے پاس ہو تم‘ میں انہیں ‘ہانیہ ‘ کے کردار کی آفر ہوئی تھی-
باغی ٹی وی : حال ہی میں کبریٰ خان نے اداکار و میزبان احسن خان کے شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ” میرے پاس تم ہو” میں کام کرنے کی آفر ہوئی تھی تاہم انہوں نے انکار کر دیا تھا-
احسن خان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ کیا آپ نے ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کا ایک کردار ادا کرنے سے انکار کیا تھا جو کہ بعد میں حرا مانی کو آفر کیا گیا تھا؟ کا جواب دیتے ہوئے کبریٰ خان نے کہا کہ جس دوران اُنہیں اس کردار کی آفر ہوئی اُس دوران انہوں نے اداکاری سے تھوڑا بریک لیا ہوا تھا، وہ اُس دوران کام نہیں کر رہی تھیں اور وہ کام کرنا بھی نہیں چاہ رہی تھیں اس لیے انہوں نے اس کردار سے انکار کر دیا تھا۔
کبریٰ خان نے مزید کہا کہ ایک اور اہم وجہ یہ بھی تھی کہ انہیں اپنے اندر سے ہاں کی آواز ہی نہیں آئی تھی، اداکاروں کو جب کوئی کردار آفر ہوتا ہے تو وہ اُس کردار کو نبھانا چاہتے ہیں مگر انہیں آفر ہونے والے کردار کے لیے اپنے اندر سے کسی قسم کا کوئی سگنل ہی نہیں ملا تھا کہ وہ اس کردار کو ادا کرنے کی حامی بھرتیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ادکارہ عروہ حسین نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہیں بھی مذکورہ کردار کی آفر ہوئی تھی جس کے انہوں نے چند مناظر قلمبند کروائے بھی تھے لیکن اپنی فلم کی شوٹنگ کی وجہ سے انہیں یہ کردار چھوڑنا پڑا جس کا انہیں زندگی بھر افسوس رہے گا-
خیال رہے کہ مذکورہ ڈرامے میں’ہانیہ’ کا کردار معروف اداکارہ حرا مانی نے ادا کیا تھا-