میاں اسلم اقبال کی ایوان صنعت و تجارت آمد، صنعتکاروں سے ملاقات،مسائل کے حل کی یقین دہانی
لاہور :صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے آج ایوان صنعت و تجارت لاہور کا دورہ کیا اور صنعت کاروں سے ملاقات کی۔ صنعتکاروں نے انڈسٹری کو درپیش مسائل اور واٹرٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے نوٹسز کے اجراء سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔
صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے بزنس کمیونٹی ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے۔ تاہم حکومت واٹرٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کا مسئلہ حل کرے۔ صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کا نمائندہ ہوں، انڈسٹری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت اور قواعد و ضوابط کی روشنی میں واٹرٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کے مسئلے کا حل نکالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صنعتیں روزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہیں، انہیں بند نہیں ہونے دیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بلاوجہ افسران کے فیکٹریوں میں جا کر ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ فیکٹریوں کی انسپکشن کا میکانزم ہونا چاہیے تاہم اس کی آڑ میں صنعت کاروں کو تنگ نہیں کرنے دیں گے۔صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں زاہد جاوید، سینئر نائب صدر علی حسان اصغر اور چیمبر کے سابق صدور کے علاوہ صنعتکاروں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔
٭٭٭