لاہور، ملی رکشہ یونین کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور میں بڑی یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،

کشمیر ریلی کا آغاز استنبول چوک سے ہوا اور اسمبلی ہال چوک پہنچ کر یہ ریلی ختم کی گئی، ملی رکشہ یونین کی یہ ریلی صبح گیارہ بجے شروع ہوئی، رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی تعداد پہلے ٹاؤن ہال جمع ہوئی اور پھر مال روڈ پر ریلی نکالی گئی، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی میں مقبوضہ کشمیر میں‌ جاری بھارتی ظلم و دہشت گردی کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا، مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت کو مظلوم کشمیریوں‌ کو غاصب بھارت کے ظلم و دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں، ریلی کے دوران شرکاء کی طرف سے زبردست نعرے بازی کی گئی اور مال روڈ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتا رہا،

واضح رہے کہ آج پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت والی دفعات کے خاتمہ اور لاک ڈاؤن کا ایک سال مکمل ہوا ہے جس پر دنیا بھر میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں، ملی رکشہ یونین کی جانب سے بھی فاشسٹ انڈیا کے خلاف یوم استحصال منائے جانے کے حوالہ سے لاہور میں احتجاج کیا گیا ہے،

Shares: