اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)غیرقانونی منی پٹرول پمپ کوآگ لگ گئی، دکان جل کر خاکستر
تفصیل کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کے عملے کی ملی بھگت سے شہر اور اس کے گردونواح ، مضافاتی علاقوں میں منی پٹرول پمپوں کی بھرمار، غیر قانونی پٹرول پمپس کو فی الفور بند نہ کیا گیا تو کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے ، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
اوچ شریف کے نواحی علاقے اڈا گمانی شریف میں واقع محمد حفیظ لنگاہ کے پیٹرول پوائنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی پٹرول یونٹ کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ ٹینکی میں پیٹرول ذخیرہ کرتے وقت لگی دوکان میں موجود 100من گندم بھی جل کر راکھ ہوگئی ۔علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ھوا
اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ اوچ شریف شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں جگہ جگہ سول ڈیفنس اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کے عملے کی ملی بھگت سے دکانداروں نے دکانوں میں منی پٹرول پمپس بنا رکھے ہیں اور کھلے عام پٹرول کی فروخت کی جارہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے مضافاتی علاقوں میں یہ منافع بخش گھناؤنا کاروبار پورے عروج پر ہے جہاں کوئی حفاظتی آلات وغیرہ موجود نہیں ہوتے، اگر کسی بھی غیر قانونی منی پٹرول پمپ میں آگ لگ جائے توآگ بجھانے کے آلات نہ ہونے کے باعث دکانوں و رہائشی علاقوں کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
شہریوں نے کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر سے ضلع بھر میں قائم غیر قانونی منی پٹرول پمپس کو فی الفور بند کروانے کا مطالبہ کیا ہے اور اس میں ملوث محکمہ سول ڈیفنس کے عملے کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے

Shares:








