اسلام آباد:ملک میں امن و امان اور باہمی بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے اور اس کو برقرار رکھنے کے لیے وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ تمام مکاتب فکر محبت اور رواداری کو فروغ دیں گے۔ ایک دوسرے کے اکابرین کے بارے میں احترام کیا جائے۔ علماء اور مقررین اپنی تقریروں میں اشتعال سے گریز کریں۔
وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ فرقہ واریت کشمیریوں کی کسی طرح مدد نہیں کرسکتی۔ محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے پیمرا اور میڈیا اداروں کو خطوط لکھے جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ میڈیا نفرت پھیلانے والے لوگوں کو موقع نہ دے۔ دنیا بھر میں کشمیر کیلئے آواز بلند کی جارہی ہے، بھارت میں مظلوم کشمیریوں کیلئے آواز اٹھ رہی ہے۔ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کو آزاد کرا سکتا ہے۔