میرپورخاص : ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اورجعلی کھاد کی فروخت پر کارروائی ہوگی-ڈپٹی کمشنر

میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ )ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود کی جانب سے روزمرہ استعمال کی اشیاء مناسب قیمت پر فروخت کرنے ، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری ، نقلی کھاد فروخت کرنے والے ڈیلروں کے خلاف کاروائی کرنے اور کھاد کے مقررہ ریٹ پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کاحکم

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود نے کہا ہے کہ روز مرہ استعمال کی اشیاء ، فصلوں کی نقلی کھاد کے فروخت پر ذخیرہ اندوزوں اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ، اشیاء ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے اورناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا .

یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ روینیو افسران ، آبادگار بورڈ کے صدر عمر بگھیو اور کھاد کی فرٹیلائیزر کمپنیوں کے مالکان سے اجلاس کرتے ہوئے دی . ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ عام فرد کو ریلیف پہنچایا جائے اس ضمن میں مربوط حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے جس سے عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے .

انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ روز مرہ استعمال کی اشیاء خاص طور پر دودھ ، دہی اور دیگر ضروری اشیاء کے نرخ چیک کرنے کے لیے مارکیٹ کا دورہ کریں اور اس کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے .

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مفاد عامہ کی خاطر ہر اقدامات کر رہی ہے جس سے میرپورخاص کی عوام کو فائدہ اور ریلیف مل سکے .

Leave a reply