میرپور خاص: فلسطین کی فتح پر جماعت اسلامی کا یوم تشکر اور ریلی

میرپور خاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)جماعت اسلامی میرپور خاص کے زیر اہتمام اہل فلسطین کی مزاحمت اور غزہ کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر کا بڑا اجتماع اور ریلی منعقد کی گئی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی میرپور خاص شکیل احمد فہیم نے کہا کہ فلسطینی عوام اور غزہ کے مجاہدین نے یہ ثابت کر دیا کہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ جنگ بندی معاہدہ فلسطینی عوام کی عظمت اور غزہ کی مزاحمت کی تاریخی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے پندرہ ماہ تک فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے، لیکن وہ ہزیمت اور ناکامی سے دوچار ہوئے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر نور الٰہی مغل، عاصم شیخ، اور ڈاکٹر مسعود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام کی کامیابی امت مسلمہ اور دنیا کے تمام آزادی پسندوں کی فتح ہے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے شرمناک کردار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اجتماع میں شریک شہریوں اور کارکنان نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر نعرے درج تھے:

"اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد”
"اسرائیل کی بربادی تک جنگ رہے گی”
"اہل فلسطین کا مقدر آزادی آزادی”
"اسرائیل فلسطین خالی کرے ورنہ عبرت ناک انجام دیکھے گا”

مقررین نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اہل فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اپنی مدد جاری رکھیں گے۔ دوران جنگ پاکستانی عوام نے اربوں روپے کا امدادی سامان فلسطین بھیجا اور غزہ کی تعمیر نو میں بھی بھرپور حصہ لیں گے۔ اجتماع میں شہریوں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے فلسطین سے محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔

Comments are closed.