میرپورخاص: سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت، ریلی اور شمعیں روشن
میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پارٹی دفتر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جہاں شمعیں روشن کر کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
ریلی کی قیادت ضلعی نائب صدر اسحاق ناریجو، جنرل سیکریٹری اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر جنید بلند، شاہنواز مغل، اور امیر جان مری نے کی۔ بعد ازاں پریس کلب میں سندھ کے وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ اور جنید بلند نے میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ میرپورخاص ہمیشہ جیالوں کا گڑھ رہا ہے، اور سانحہ کارساز کے شہداء کو یاد کرتے ہوئے آج شمعیں روشن کی گئیں۔ مقررین نے بھٹو خاندان کی قربانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جیالے بھی شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے کا عزم رکھتے ہیں۔
مزید برآں حیدرآباد میں 18 اکتوبر کو بلاول بھٹو زرداری کے تاریخی خطاب کے لیے پیپلز پارٹی کے قافلے روانہ ہو گئے، جن میں میرپورخاص کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔