میرپورخاص (باغی ٹی نامہ نگارسید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) حق پرست رکن قومی اسمبلی و ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے واٹر اینڈ پاور سید وسیم حسین نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ حیسکو ایس ای امیر احمد میمن، کمرشل مینیجر آصف میمن، ایکسئینز، ایس ڈی اوز اور دیگر افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں میرپورخاص میں بجلی کی بلاجواز بندش، ڈیڈیکشن بلوں کی عدم درستگی اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تین دن کے اندر رپورٹ طلب کرلی گئی۔

سید وسیم حسین نے کہا کہ حیسکو چیف سے مشاورت کے بعد نیا لوڈشیڈنگ شیڈول ترتیب دیا جائے گا تاکہ عوام شدید گرمی میں ریلیف حاصل کر سکیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم میرپورخاص دفتر میں کیمپ آفس کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ وہ ہر ماہ میرپورخاص کا دورہ کریں گے۔

ڈاکٹر ظفر کمالی نے کہا کہ ناقص بلنگ نے صارفین کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جبکہ رکن ایس ٹی سی شفیق احمد اور ضلعی انچارج خالد تبسم نے بھی عوامی مسائل پر آواز بلند کی۔ قبل ازیں حیسکو ایس ای نے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور اجرک و گلدستے پیش کیے۔

Shares: