میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ): پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ تحریک ختم نبوت ﷺ اور شان صحابہ کرام رضی اللہ عنہ کے تحفظ اور وطن عزیز کی سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک ایک نظریاتی جماعت ہے جو بے شمار قربانیوں کے باوجود اپنے مشن اور نظریے پر ثابت قدمی سے گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجدار ختم نبوت امن مارچ عمرکوٹ سے واپسی پر میرپورخاص میں ضلعی جنرل سیکریٹری سلمان راجپوت کے گھر پر ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے اس موقع پر واضح کیا کہ ختم نبوت ﷺ اور صحابہ کرام کی شان ان کی جماعت کی ریڈ لائن ہے اور اس کا تحفظ کرنا ان کے لیے ایک ورثہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن قوتیں متحد ہو کر اسلام اور پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں، لہٰذا ہمیں ہر لمحہ اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں۔
ثروت اعجاز قادری نے ملک میں جاری سیاسی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اقتدار کے حصول کے لئے آپس میں دست گریبان ہیں اور آئین و قانون کا مذاق بنا رہے ہیں جو کہ ملکی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور تنظیمی پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔
اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما محمد علی چشتی، ڈویژنل صدر حافظ محمد طارق قادری، ضلعی صدر ملک ساجد قادری، جنرل سیکریٹری محمد سلمان راجپوت، جاوید جعفری، عمران سراج سمیت مختلف علاقوں کے سیکٹر اور یونٹ انچارج بھی موجود تھے، جنہوں نے جماعت کے نظریے اور مشن کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔