سیالکوٹ: سفاک شخص نے بیوی اور ساس کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

crime

سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو): تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقے پکی کوٹلی میں دوہرے قتل کی واردات پیش آئی، جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی اور ساس کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ملزم بلال عرف بھالو جو کہ ڈکیتی اور اقدام قتل سمیت 26 وارداتوں میں ملوث ہے نے اپنی 22 سالہ بیوی نائلہ اور 42 سالہ ساس زوبیہ کو اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واردات کے بعد ملزم اپنے ساتھیوں سمیت جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق کچھ دن قبل ملزم بلال عرف بھالو کا اپنی بیوی اور ساس کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد اس نے اس سنگین قدم اٹھایا۔ قتل کا یہ دل دہلا دینے والا واقعہ مقتولہ زوبیہ کے بیٹے اور نائلہ کے بھائی نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ ملزمان نے اسے بھی فائرنگ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن وہ بھاگ کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گیا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل نعمان اور ایس ایچ او تھانہ صدر احسان اللہ ٹیپو بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ڈی پی او نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

اس دوہرے قتل کی واردات سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور عوام نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.