باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میڈیا کی بندش، میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا
شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ میں آپ کی توجہ قانون، دستور اور جمہوریت کی صریحا خلاف ورزی سے متعلق ہنگامی اور فوری نوعیت کے سنگین معاملے کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ یہ معاملہ میڈیا پر عائد کی جانے والی غیرمعمولی قدغنوں اور میڈیا ورکرز کے روزگار سے وابستہ ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال ’چینل 24‘ کی بندش ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں خاندانوں کا چولہا بجھ گیا ہے ۔
شہباز شریف نے خط میں مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے جس طرح ملک کے دیگر شعبہ جات انتہائی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، میڈیا کو بھی انتہائی تباہ کن حالات کا سامنا ہے۔ حکومت نے پہلے اشتہارات کی بندش کے آمرانہ اقدامات کا سہارا لیا۔ میڈیا پر دباو بڑھانے کے لئے مختلف اینکرز کے پروگرامز، کالم نگاروں کے کالمز کی اشاعت پر پابندی اور حکومتی نظر میں ’ناپسندیدہ‘ قرار پانے والے صحافیوں کو بے روزگار کرنے کی منظم حکمت عملی اپنائی گئی۔حکومت پر تنقید سے باز نہ آنے والے اداروں کے مالکان پر مقدمات کا سلسلہ شروع کیاگیا جس کی واضح ترین مثال میر شکیل الرحمن کی گرفتاری ہے جسے وکلاءبرادری اور پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی اور دیگر بیرونی صحافتی تنظیمیں بھی انتقامی کارروائی قرار دے چکی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاملہ محض ’چینل 24 ‘ کا نہیں بلکہ مجموعی طورپر میڈیا کی آزادی کے لئے موجودہ حکومت کی عدم برداشت کا ہے۔ حکومت انتہاءپسندی کے اس درجے پر پہنچ چکی ہے جس میں حکومتی اختیار کو ہر اس آواز کو خاموش کرانے کے لئے استعمال کیاجارہا ہے جو ”حکومتی سچ“ کو ماننے سے انکاری ہے۔
شہباز شریف نے خط میں مزید کہا کہ دستور پاکستان میں آزادی اظہار رائے اور اطلاعات تک رسائی ایک بنیادی حق تسلیم کیاگیا ہے۔ 1973ءمیں پہلے سے موجود اس دستوری ضمانت کواٹھارویں ترمیم نے مزید پختہ و جاندار بنایا ہے۔ جمہوریت اور دستور کی حکمرانی میں میڈیا ریاست کا چوتھا اور باوقار ستون تصور ہوتاہے۔ آزادی اظہار رائے اور حکومتی دباو پر چینل کی بندش ، پرامن احتجاج کرنے والوں پر لاٹھیاں، گولیاں اور پتھراو غیرجمہوری، غیردستوری اور غیرقانونی حربے ہیں جن کی ہم شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے خط میں مطالبہ کیا کہ اپوزیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے میں آپ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ میر شکیل الرحمن کو فوری رہا کیا جائے اور چینل 24 کی بندش فی الفور ختم کرائی جائے۔ قاعدے قانون سے متعلق امور کو حل کرنے کے لئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو میڈیا کی صنعت کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا جائزہ لے، میڈیا کے نمائندوں، صحافتی تنظیموں کی شکایات سن کر اصلاح احوال کے لئے تجاویز دے جن پر پارلیمان کے ذریعے حکومت سے عمل درآمد کرایا جائے۔
میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف اہلیہ نے بڑا قدم اٹھا لیا، کہاں پہنچ گئی
شہباز شریف نے خط میں مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ پارٹی وابستگی یا وزیراعظم کے دباو کے بجائے آئین، جمہوریت اور ریاست کے چوتھے ستون کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے. عوام کی آواز سنیں، اسے بند نہ کریں۔