مصباح کرکٹ کی جدت کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں، سہیل تنویر

اسلام آباد: قومی ٹیم کے تجربہ کار باؤلر سہیل تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مصباح الحق کو کوچ بنانا بہت اچھا فیصلہ ہے۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے کچھ حلقوں سے اس بات پر اعتراض کیا جا رہا ہے کہ مصباح الحق کا بین الاقوامی کرکٹ میں کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں ہے لیکن میرے خیال میں انہیں باقی کوچز کے مقابلے ایک بہت بڑی سبقت حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مصباح الحق نے حال ہی میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے اور ان چھ سات سالوں میں اس کھیل میں کئی تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں جس کا انہیں اچھی طرح علم ہے، وہ کرکٹ کے جدید تقاضوں کو دیگر کوچز کی نسبت بہتر سمجھتے ہیں۔

سہیل تنویر نے کہا کہ نو منتخب کوچ اچھی طرح جانتے ہیں کہ موجود طرز کی کرکٹ میں جیت حاصل کرنے کے لئے کس طرح کی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

مصباح کو بیک وقت دو عہدے دیے جانے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نیا تجربہ ہے جس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مصباح کے پاس اب ہر قسم کی اتھارٹی موجود ہے، تاہم انہیں اب جواب دہ بھی ہونا پڑے گا۔

وقار یونس کو بولنگ کوچ تعینات کرنے کے حوالے سے رائے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کا قومی ٹیم کی کوچنگ کا تیسرا دور ہو گا اور انہیں اس حوالے سے زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

Comments are closed.