آپ نے مجھے کیوں نکالا؟میرا زمانہ اچھا تھا یا یہ زمانہ؟ نواز شریف

مجھے نکالنے والے چلے گئے ہیں، آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں
murree

مری: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے نکالنے والے استعفیٰ دے کر چلے گئے-

باغی ٹی وی :پاکستان مسلم لیگ (ن) آج مری میں جلسہ کر رہے ہیں، نواز شریف کے ہمراہ پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی جلسہ گاہ میں موجود ہیں، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ مری میں اتنی سردی کے باوجود بھی لوگ یہاں موجود ہیں، کل میں مری پہنچا راستے میں بہت ٹریفک تھا۔

نوازشریف نے کہا کہ 1985 میں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو پہلا منصوبہ راولپنڈی سے مری روڈ تھا، مری میرا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے لوگ بھی مجھے بہت پیارے ہیں، 1950 میں پیدائش ہوئی تو 1956 میں پہلی بار مری آیا تھا، لاہور کے بعد سب سے زیادہ مری میں رہا ہوں جب میں وزیراعظم تھا تو عوام کی خدمت کررہا تھا، میں نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ملک میں بجلی سستی کی، روٹی 4 روپے، گھی 150 روپے اور چینی 50 روپے کلو تھی، سبزیاں 10،10روپے کلو، ڈالر 104 روپے اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوازشریف کا زمانہ اچھا تھا یا یہ زمانہ اچھا ہے، سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا اور آج 2 لاکھ روپے تولہ ہے آپ نے مجھے کیوں نکالا، جس نے نکالا اچھا کیا یا برا کیا؟ آج وہ خود استعفیٰ دے کر گھر جارہے ہیں، دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے، مجھے نکالنے والے چلے گئے ہیں، آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں، مجھے نکال دیا اور اس کو لائے جس نے کہا عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دوں گا،وہ کٹے، مرغیاں اور انڈے کہاں گئے، بلین ٹری کا جھوٹ بولا، کہا گیا 50 لاکھ گھر دیں گے کسی کو ملا تو بتائیں، ن لیگ پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گی، کہتا تھا کہ پاکستان کی یوتھ ہمارے ساتھ ہے، یہ دیکھو یوتھ تو میرے ساتھ کھڑی ہے ان شاءاللہ ہم مری کے چاروں طرف موٹروے بنائیں گے، میرا منصوبہ اور خواہش ہے اسلام آباد سے مری تک ٹرین لے کر آئیں، اسلام آباد سے مری اور پھر مظفرآباد تک ٹرین چلائیں گے۔

حکمران اللہ تعالیٰ اور عوام کو جواب دہ ہیں،مریم نواز

مری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکمران اللہ تعالیٰ اور عوام کو جواب دہ ہیں، اس الیکشن میں مری والے اس حکمران سے جواب مانگیں کہ جب لوگ یہاں مر رہے تھے کہ وہ کہاں تھا؟ نواز شریف کو کبھی گھر بیٹھے دیکھا؟ نواز شریف عوام کی تکلیف کی خاطر اپنے فیصلے بدل لیتے ہیں وہ آج موسم کی خرابی کے سبب بائی روڈ پہنچے کیوں کہ حکمران اللہ تعالیٰ اور عوام کو جواب دہ ہیں، اس الیکشن میں مری والے اس حکمران سے جواب مانگیں کہ جب لوگ یہاں مر رہے تھے کہ وہ کہاں تھا؟-

مریم نواز نے عوام سے پوچھا کہ جب نواز شریف آتے ہیں تو مزدوروں کا گھر کا چولہا جلتا ہے، لوگوں کو روزگار ملتا ہے، الیکشن میں چند دن رہ گئے ہیں، بزرگ نوجوانوں سے اپیل ہے کہ ووٹ کی پرچی کوئی کاغذ کا ٹکڑا نہیں اسے سوچ سمجھ کر دیں یہ ملک کی ترقی اور آپ کی آئندہ آنے والی نسلوں کا فیصلہ ہے، اگر آپ مری کے مسائل اور لوگوں کے مسائل، روزگار، تعلیم اور صحت کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں تو پھر شیر پر مہر لگائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شیر پر مہر لگاؤ اور پاکستان کو نواز دو، ہم مری کے مسائل حل کریں گے، یہاں گیس کا مسئلہ ہے اسے حل کیا جائے گا، میں وعدہ کرتی ہوں کہ اگر مری نے شیر کو منتخب کیا تو یہاں کسی بھی شہر سے زیادہ ترقی لائیں گے،انہوں نے یوم کشمیر کی مناسبت سے نعرہ لگایا اور کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

Comments are closed.