نئی دہلی:رام مندر تعمیر کے لیے وزارت داخلہ میں ’ایودھیا ڈیسک‘ قائم کردیا ہے، اس کی ذمہ داری وزارت کے ایک ایڈیشنل سکریٹری کو دی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق ’ایودھیا ڈیسک‘ تین ارکان پر مشتمل ہے۔
ادھر ذرائع کے مطابق ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے تیاریاں زوروں پر ہیں اور اب تو اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ میں باضابطہ ایک ’ایودھیا ڈیسک‘ بھی بنا دیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق یہ خصوصی ایودھیا ڈیسک ہی رام مندر تعمیر سے منسلک معاملوں کو دیکھے گا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق یہی ڈیسک سنی وقف بورڈ کو پانچ ایکڑ زمین دینے، مندر تعمیر کے لیے ٹرسٹ کی تشکیل اور اس کے بعد ٹرسٹ کو زمین کا مالکانہ حق منتقل کرنے جیسے امور کو بھی آخری شکل دے گا۔ یہاں قابل غور ہے کہ سپریم کورٹ نے تین مہینے میں ٹرسٹ تشکیل دینے کا حکم صادر کیا تھا اور اب دو مہینے ہونے والے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ایودھیا ڈیسک بنائے جانے سے متعلق وزارت داخلہ نے گزشتہ 31 دسمبر کو ایک حکم جاری کیا ہے۔ اس حکم کے مطابق ڈیسک کا کام دیکھنے کے لیے جموں و کشمیر اور لداخ محکمہ کے چیف ایڈیشنل سکریٹری کے علاوہ جموں و کشمیر اور لداخ محکمہ کے ہی ایڈیشنل سکریٹری اور قومی اتحاد محکمہ کے نائب سکریٹری کو مقرر کیا گیا ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر محکمہ کے سربراہ کی شکل میں گیانیش کمار نے 5 اگست کو ریاست کی تقسیم اور دفعہ 370 و 35-اے کو ہٹانے میں اہم کردار نبھایا تھا۔ بہر حال، وزارت داخلہ کے ذریعہ جاری حکم نامہ میں واضح لفظوں میں کہا گیا ہے کہ ’ایودھیا ڈیسک‘ ایودھیا سے متعلق سبھی معاملے اور اس سے منسلک عدالتی احکامات کو بھی دیکھے گا۔