شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس، مودی اورعمران خان کے مابین ملاقات کا کوئی امکان نہیں، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کے امکان کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ دونوں‌ ملکوں‌ کے وزرائے اعظم میں‌ ملاقات کا کوئی امکان نہیں‌ ہے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس آئندہ ہفتے 13 سے 14 جون تک کرغیزستان میں ہو گا جس میں مختلف سربراہانِ مملکت کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم بھی شریک ہوں گے۔ اس اجلاس کے حوالہ سے ہندوستانی میڈیا پچھلے کئئی دنوں‌ سے عمران خان اور مودی کی باہم ملاقات کا دعویٰ‌ کر رہا تھا تاہم اب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا ہے کہ کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں 13 اور 14 جون کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں نریندر مودی اور وزیراعظم عمران خان کی کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکریٹری خارجہ کا دورہ بھارت نجی تھا اور یہ کہ پاکستانی سیکریٹری خارجہ کے ساتھ کوئی ملاقات طے نہیں ہے. یاد رہے کہ حال ہی میں‌ جب ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا الیکشن میں‌ کامیابی حاصل کی تو پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے انہیں‌ ملاقات کی دعوت دی تھی لیکن نریندر مودی کی طرف سے حلف برداری کی تقریب میں انہیں‌ شرکت کی دعوت نہیں‌ دی گئی.

Comments are closed.