مودی کو جان کے لالے پڑگئے، 20 منٹ بارش میں گزارنے پڑے

0
35

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اس وقت جان کے لالے پڑگئے جب مبینہ طور پر ان کے دورہ پنجاب کے دوران خفیہ روٹ لیک ہوگیا اوران کی گاڑی بھٹنڈہ بائی پاس کے قریب ایک فلائی اوور پر20 منٹ تک سخت سیکیورٹی حصار میں شدید بارش میں روک لی گئی۔ بعد میں ان کا دورہ پنجاب منسوخ کردیا گیا اور وہ واپس نئی دہلی روانہ ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم مودی پنجاب میں انتخابات کے سلسلے میں تین روزہ دورہ پر بھٹنڈہ پہنچے۔ ہوائی اڈے سے وزیراعظم ہیلی کاپٹر کے ذریعے فیروز پورجانے والے تھے لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے انہوں بذریعہ کار فیروزپور جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا قافلہ جب بھٹنڈہ بائی پاس کے قریب فلائی اوور پر پہنچا تواسی روٹ پر سامنے سے کسانوں کاایک جلوس آنے کی اطلاعات پر مودی کے قافلہ کو فوری طور پر روک لیا گیا۔

مودی کے قافلے کے لئے تین روٹ بنائے گئے تھے۔ وزارت داخلہ کے مطابق مودی جس روٹ سے فیروزپور جارہے تھے اس کی اطلاع پنجاب کے وزیراعلی چرن جیت سنگھ چنی اور کانگریس کے مقامی رکن پنجاب اسمبلی کو تھی۔ بی جے پی نے الزام لگایا کہ روٹ کی اطلاع وزیراعلی کے ایما پررکن اسمبلی کوملی جس نے کسانوں کواسی روٹ پرجلوس نکالنے کےلئے اکسایا۔ م

مظاہرین نے وزیراعظم کے قافلے میں شامل بی جے پی کے ورکرزکی ایک بس کا گھیراو بھی کرلیا جو وزیراعظم کی گاڑی سے چند میٹر کے فاصلے پرتھی۔بھارتی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کے روٹ کو لیک ہونے کے واقعہ کو بھارتی تاریخ کا منفرد واقعہ قرار دیااور کہا کہ ایسے واقعہ کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ دریں اثنا وزیراعلی پنجاب چرن جیت سنگھ چنی نے کہا کہ وزیراعظم نے اصل روٹ سے ہٹ کر حسینی والا سے جانے کا فیصلہ کیا جو کہ پاکستان کے شہر قصور سے متصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اس بات کا اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کا پنجاب کادورہ ایک فلاپ شو ہوگا۔ اس لئے انہوں نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر واپس جانے میں عافیت سمجھی۔  

Leave a reply