مودی سرکار کی روش نہ بدلی تو تشدد بڑھے گا، امریکی انتباہ

مودی سرکار کی روش نہ بدلی تو تشدد بڑھے گا، امریکی انتباہ

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اقلیتوں کے خلاف مودی سرکار کے کردار پر انگلیاں اٹھنے لگی ہیں. امریکا کے خصوصی سفیر براؤن بیک نے بھارت میں مذہبی آزادی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں حالات تبدیل نہ ہوئے تو تشدد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی مذہبی آزادی سے متعلق وڈیولنک کے ذریعے پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس سے خصوصی امریکی سفیر سیموئیل براؤن بیک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی طور پر بھارت تمام مذاہب کی سرزمین ہے،
لیکن بھارت کے موجودہ حالات پر تشویش ہے۔

براؤن بیک نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کو کورونا پر قربانی کا بکرا بنائے جانے پر تشویش ہے اور مذہبی اقلیتوں کو کورونا کا ذمے دار ٹھہرانا کسی طور پر درست نہیں۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں کورونا پر اقلیتوں کے ساتھ سلوک کو دیکھ رہے ہیں، اگر بھارت میں حالات تبدیل نہ ہوئے تو تشدد میں اضافہ ہوسکتا ہے، بھارت میں اعلیٰ سطح پر بین المذاہب گفتگو کا آغاز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہر شہری کی صحت سمیت دیگر سہولیات تک رسائی ممکن بنائی جائے اور کورونا کے معاملے پر اقلیتوں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس سلسلے میں بدھ کے روز ایک رپورٹ بھی جاری کرائی ہے۔

اس سے قبل مذہبی آزادی سے متعلق امریکی کمیشن نے بھی بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ امریکی کانگریس سے منظور شدہ 2019ء عالمی مذہبی آزادی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں حکومتی اہل کاروں، ذرائع ابلاغ، رواداری کو فروغ دینے والی تنظیموں اور نجی اداروں کے ساتھ بات چیت میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مذہبی اقلیتوں کی جائز تشویش اور فکر مندی پر توجہ دی جائے۔ امریکی اہل کاروں نے فرقہ وارانہ بیان بازی کی مذمت کی، جب کہ بھارتی آئین کی جانب سے اقلیتوں کو فراہم کیے گئے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

واضح‌ رہے کہ بھارت نے امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کی ملک میں اقلیت کو درپیش مسائل کا زمینی جائزہ لینے کی غرض سے دی گئی سفری درخواست مسترد کردی اور کہا کہ غیرملکی پینل کو بھارتی شہریوں کے آئینی حقوق کا جائزہ لینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

Comments are closed.