باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محرم الحرام میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے لاہور کو بڑی تباہی سے بچا لیا
سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے،کارروائی جلو کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی ، 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے،گرفتار دہشت گردوں سے بارودی مواد، بم بنانے کا دیگر سامان اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے
گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ، دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد لاہور میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے،
قبل ازیں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں محرم الحرام اور یوم عاشورہ کے انتظامات بارے اجلاس منعقد ہوا۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمران احمد ملک نے اجلاس کے صدارت کی۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز فرحت عباس، آر آئی لائن محمد نعمان اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ایس پی ہیڈ کوارٹرزنے متعلقہ افسران کوپولیس لائنز کی سکیورٹی مزید سخت کرنے سمیت محرم الحرام اور یوم عاشورہ کے حوالے سے تمام تر انتظامات بروقت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمران احمد ملک کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے حوالے سے بیریئر، میٹل ڈیکیٹر،خاردارتار، واک تھرو گیٹ سمیت لاجسٹک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوس کے روٹس کی ڈرون کیمرہ سے نگرانی کی جائے گی۔محرم الحرام میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کو کھانا فراہم کیا جائے۔
قبل ازیں ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے محرم الحرام کی مناسبت سے شہر کے مختلف مقامات سے نکلنے والے عزاداری جلوسوں کے روٹس کادورہ کیا۔ انہوں نے حسینیہ ہال خراس محلہ صدر بازار، نبی پور شیعاں لال پُل، امام بارگاہ 145اے ماڈل ٹاؤن اور کرامت علی شاہ دھپ سڑی سمیت مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا۔ ایس پی کینٹ صاعد عزیز،ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد،ایس پی اقبال ٹاؤن اویس شفیق نے ڈی آئی جی آپریشنز کو سکیورٹی انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے منتظمین جلوس اور اکابرین سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کی۔ ساجد کیانی نے کہا کہ ساتویں محرم کی مناسبت سے نکلنے والے تمام جلوسوں ومجالس کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ حساس و مرکزی جلوسوں اور مجالس کو چار درجاتی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور رضا کار عزاداروں کی واک تھروگیٹس، میٹل ڈٹیکٹرزسے مکمل چیکنگ یقینی بنائیں۔ ڈیوٹی پر تعینات اہلکارالرٹ رہیں، مشکوک افراد اور سامان پر نظر رکھیں۔ ساجد کیانی نے مزید کہا کہ مجالس و جلوسوں کے شرکاء کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، محفوظ رہیں۔