معروف عالم دین شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید ہزاروی انتقال کرگئے.
گوجرانوالہ : باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق معروف عالم دین استاذ الاساتذہ شیخ الحدیث جامعہ محمدیہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ مولانا عبدالحمید ہزاروی انتقال کرگئے. ان کی نماز جنازہ آج رات ساڑھے دس بجے جامعہ محمدیہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں ادا کی جائے گی.
مولانا عبدالحمید ہزاروی موضع مکول بالا نزد کالا باغ نتھیاگلی علاقہ گلیات میں 1934 ء میں پیدا ہوئے. ابتدائی تعلیم والد محترم سے حاصل کی. بعدازاں دینی تعلیم کے حصول کے لئے جامعہ دارالعلوم اوڈاں والا چلے گئے. جہاں 1944 ء سے 1950 ء تک دینی تعلیم حاصل کی اور سند فراغت حاصل کرنے کے بعد وہیں مدرس مقرر ہوگئے. تقریبا ایک سال کا عرصہ وہیں تدریس کے فرائض سرانجام دینے کے بعد واپس اپنے علاقے کالا باغ چلے گئے اور اپنے علاقے کے قریب گاؤں ریالہ میں 1955 ء تک 5 سال کا عرصہ تدریس کے فرائض سرانجام دیتے رہے.
بعدازاں جامعہ محمدیہ کے ذمہ داران کے اصرار پر گوجرانوالہ تدریس کے فرائض سرانجام دینے لگے. مولانا عبدالحمید 1955ء سے (تقریبا 67 سال کا عرصہ) جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ میں تدریسی خدمات سرانجام دے رہے تھے .مولانا عبدالحمید کے سینکڑوں شاگرد ملک بھر میں مختلف مدارس میں تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور کثیر تعداد میں شاگرد مختلف دینی جماعتوں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں.
مولانا عبدالحمید ہزاروی کی وفات پر امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ سینیٹر ساجد میر, سینیٹر حافظ عبدالکریم, مولانا شریف چنگوانی, مولانا عبدالغفار روپڑی, علامہ ابتسام الٰہی ظہیر, علامہ ہشام الہی ظہیر ودیگر علماء نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا.