لاہور۔(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مدارس اصلاحات کے ذریعے مدارس کے طلبہ کو قومی دھارے میں شامل کریں گے،حکومت نے معیشت سمیت ہر شعبے میں اصلاحات کامشکل فیصلہ کیا اور یقینی طو رپر اس کے طویل المدت نتائج حاصل ہوں گے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفود سے گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور انہیں سپورٹ فراہم کرنے والی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی حکومت کے خلاف احتجاج کا مضبوط جوازپیش نہیں کر سکیں اورکبھی ایک شاخ اور کبھی دوسری شاخ پر بیٹھ رہی ہیں، ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت مختلف فلاحی پروگراموں کے ذریعے عوام کی تکالیف او رمشکلات کے ازالے کیلئے کوشاں ہے، احساس پروگرام کی پوری دنیا میں تعریف کی جارہی ہے، سابقہ ادوار میں حکمرانوں کی ساری توجہ کرپشن پر مرکوز ہوتی تھی لیکن ہم نے اس روایت کو توڑا ہے اور لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا،انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے مولانا فضل الرحمان کی سیاست کا گراف نیچے آرہا ہے اس لئے اب وہ پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور اپنی سیاسی بقاء کیلئے کوشاں ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کے نصاب کو موجودہ دور سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات لا رہی ہے لیکن کچھ لوگوں کو اپنی فکر لا حق ہو گئی ہے، اصلاحات کے ذریعے مدارس کے لاکھوں طلبہ کو قومی دھارے میں شامل کریں گے، ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ اپوزیشن منفی سیاست سے توبہ تائب ہو جائے،پانچ سال بعد عوام فیصلہ کریں گے کہ آئندہ کس کو مینڈیٹ دینا ہے، اگر کارکردگی نہ دکھا سکے تو یقینا ہمیں بھی پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کی طرح عوام کے احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مولانا فضل الرحمن کس کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، ہمایوں اختر خان نے بڑی بات کردی
Shares:







