چنیوٹ ( باغی ٹی وی،نامہ نگار) اتحاد علماء دیوبند چنیوٹ کا ماہانہ اجلاس جامع مسجد آزاد محلہ ترکھاناں والا میں امیر اتحاد مولانا قاری عبد الحمید حامد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں علماء اور کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے محنت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں ملک بھر میں جاری دہشت گردی کی کارروائیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ریاستی اور ملی سلامتی پر حملہ قرار دیا گیا۔ مقررین نے معصوم شہریوں، علمائے کرام اور مذہبی شخصیات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں حالیہ دنوں میں شہید ہونے والے جید علمائے کرام کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ علماء نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی علمی و دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں غزوہ بدر، یوم وفات سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی اور شرکاء نے افطاری بھی کی۔